ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

فضائیہ کے شاہینوں نے جدید ٹیکنالوجی سے دشمن کو جو سبق سکھایا وہ قیامت تک یاد رکھے گا؛ وزیراعظم

فضائیہ کے شاہینوں نے جدید ٹیکنالوجی سے دشمن کو جو سبق سکھایا وہ قیامت تک یاد رکھے گا؛ وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاک بحریہ کے جوانوں اور افسران کو سلام پیش کرتا ہوں، دشمن نے پھر جنگ مسلط کی تو ہمیں تیار پائے گا، وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔ 

وزیراعظم شہبازشریف شہرِ قائد میں  بحریہ کے ڈاکیارڈ کا دورہ کیا ہے۔ 

وزیراعظم نے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کی تیاری بھی مثالی تھی، پاک بحریہ دوارکا کی تاریخ دہرانے کیلئے تیار تھی، بری فوج نے فتح میزائل اور دیگر ہتھیاروں سے دشمن کے ٹھکانوں پر درستگی سے نشانے لگائے، فضائیہ کے شاہینوں نے جدید ٹیکنالوجی سے دشمن کو سبق سکھایا، دشمن یہ سبق قیامت تک یاد رکھے گا ۔ 

وزیراعظم کا پی این ایس مہران کے شہید لیفٹیننٹ کو خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے کہا کہ شہدا اور غازی قوم کا سرمایہ افتخار ہیں ۔ 

شہباز شریف نے کہاکہ  ہمارے نڈر سپوتوں نے وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا، ہماری بھرپور تیاری سے دشمن کو بحری جارحیت کی ہمت نہیں ہوئی، پاک بحریہ نے بندگاہوں اور تجارتی راستوں کا بھرپور تحفظ کیا، ہماری افواج کی مکمل تیاری کی وجہ سے دشمن ہمارا بال بھی بیکا نہ کرسکا، افواج پاکستان نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی مہم جوئی میں دنیا نے دیکھ لیا کہ پاک بحریہ تیار تھی، بھارت کا بحری بیڑہ وکرانت کراچی کے قریب آنے کی ہمت نہ کرسکا، بھارتی جارحیت کے دوران پاکستانی بندرگاہوں پر معمول کے آپریشنز جاری رہے ۔   

انہوں نے کہا کہ دشمن بحری جارحیت کرتا تو اسے مزید رسوائی برداشت کرنا پڑتی، ہماری بحریہ ہر صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل تیار تھی، پاک بحریہ کی مستعدی کی وجہ سے آئی این ایس وکرانت آگے نہ بڑھ سکا ، رافیل کا انجام دیکھ کر وکرانت بھی میدان چھوڑ گیا ، پاک بحریہ کی غیر معمولی کارکردگی پر ہمیں فخرہے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے پاک بحریہ کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوا، دشمن بھی تسلیم کرتا ہے کہ پاک نیوی نے خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کردیا۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ عسکری قیادت کے درمیان بہترین کو آرڈینیشن تھی،  کشیدگی کے دوران ہماری بندرگاہیں مکمل فعال رہیں ، بھارت کے مغربی ساحل پر تجارتی سرگرمیاں ماند پڑ گئیں، کئی گناہ بڑا دشمن مکمل مفلوج دیکھائی دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، تمام مسائل کا پرامن حل چاہتے ہیں، دشمن نے دوبارہ جارحیت کی تو منہ توڑ جواب ملے گا ۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ وطن عزیز کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں، دشمن کے عزائم ناکام بنانے والے ہمارے محسن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ شفاف عالمی تحقیقات کی پیش کش کی، ہمارے موقف کی تائید کرنے والے دوست ممالک کے شکر گزار ہیں۔ ترکیہ ، سعودی عرب ، یو اے ای ، اور دوسرے دوست ممالک کی قیادت کے مشکور ہیں۔ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا مکمل ساتھ دیا ۔ کشیدہ صورتحال میں امریکی صدر ٹرمپ کے کردار کا معترف ہوں، صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم نے جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ 

وزیراعظم کے دورے کا مقصد"بنیان مرصوص" میں پاک بحریہ کے کلیدی کردار کو خراج تحسین پیش کرنا تھا ،وزیراعظم کی آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے استقبال کیا،چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر اور چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھی موجود تھے