سٹی 42 : ملک میں ہیٹ ویو رواں ہفتے بھی جاری رہنے کی توقع کی گئی ہے، رواں ہفتے سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
جاری کردہ الرٹ کے مطابق بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہ سکتا ہے، جبکہ شدید گرمی کے باعث میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر گرد آلود آندھی یا تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
ہیٹ ویو کی صورت میں بچوں، خواتین اور بزرگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، دوپہر کے اوقات میں دھوپ سے بچیں، پانی کا استعمال زیادہ کریں۔ اس کے علاوہ کسانوں کو فصلوں کی دیکھ بھال کے لیے موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، مویشیوں کی بھی خصوصی دیکھ بھال کی جائے۔
متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ضروری اقدامات کی ہدایت کردی گئی ۔ شمالی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے سے برف پگھلنے کی رفتار تیز ہونے کا خدشہ ہے۔ ملک بھر میں پانی کے استعمال میں احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔

