سٹی42: پاکستان کامودی سرکار کوسفارتی سطح پر بھی شکست دینے کافیصلہ، وزیرخارجہ اسحاق ڈار آج 3 روزہ دورے پر چین جائیں گے, نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چین روانگی سے قبل گفتگو کی۔
تفصیلات کےمطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کاکہنا تھا کہ بھارت کا بلیم گیم بے نقاب ہوچکا ہے،دنیا کو معلوم ہے بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے،پاکستان نے دنیا کے سامنے ثابت کردیا کہ بھارت کے الزامات غلط ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دورے سے چین کے ساتھ پاکستان کے مثالی تعلقات مضبوط ہوں گے،چین سے حالیہ صورتحال پر بات ہوگی۔
چینی حکام سے خطے کی موجودہ صورتحال پرتبادلہ خیال کریں گے،دورہ پاک چین تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق اسحاق ڈار چینی ہم منصب وانگ ای کی دعوت چین کا دورہ کررہے ہیں،دورے میں دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان اہم ملاقات ہو گی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال ہوگا۔پاکستان اور چین کے دو طرفہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو بھی وفدکے ہمراہ مختلف ممالک کا دورہ کریں گے۔ دنیا کو بھارتی جارحیت اور پہلگام واقعہ کے حقائق سے آگاہ کریں گے۔
پاکستان کے ایک طرف چین، بنگلہ دیش کیساتھ بڑھتے روابط ، ترکیہ اور آذربائیجان سے بھی حمایت حاصل ہےجبکہ بھارتی موقف کی کوئی تائید نہیں کررہا، پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش میں بھارت خود تنہا ہو رہا ہے۔