ویب ڈیسک: وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت سرکاری دفاتر میں حاضری کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق 24 مارچ کو ڈیوٹی پر آنے والے 50 فیصد افسران اور عملہ پورے ہفتے کام کرے گا، جبکہ باقی 50 فیصد ملازمین روٹیشن پالیسی کے تحت اپنے فرائض انجام دیں گے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، متبادل دنوں میں ڈیوٹی دینے والا 50 فیصد عملہ 30 مارچ سے 2 اپریل تک دفتر میں حاضر ہوگا۔
مزید برآں،متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئے احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔
دوسری جانب وزیراعظم کی ہدایت پر حکومت نے کفایت شعاری اور فیول بچت کے اقدامات کے دائرہ کار کو مزید وسیع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں سرکاری اداروں، خودمختار اداروں اور سرکاری کمپنیوں کے اعلیٰ افسران کی تنخواہوں میں عارضی کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومتِ پاکستان نے مالی نظم و ضبط کو مضبوط بنانے اور غیر ضروری اخراجات میں کمی لانے کے لیے کفایت شعاری سے متعلق مزید اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں آئندہ دو ماہ کے لیے سرکاری سطح پر بیرونِ ملک دوروں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے تاکہ قومی خزانے پر بوجھ کم کیا جا سکے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تین سے 10 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ لینے والے افسران کی تنخواہ سے 5 فیصد، 10 سے 20 لاکھ روپے تنخواہ لینے والوں کی تنخواہ سے 15 فیصد، 20 سے 30 لاکھ روپے تنخواہ والے افسران کی تنخواہ سے 25 فیصد اور 30 لاکھ سے زائد تنخواہ لینے والوں کی آمدن سے 30 فیصد کٹوتی دو ماہ کے لیے نافذ رہے گی۔ کٹوتی کی رقم “وزیراعظم کفایت شعاری فنڈ 2026” میں جمع کی جائے گی۔