راؤ دلشاد: حکومت نے سرکاری اخراجات میں کمی اور ایندھن کی بچت کیلئے جاری کفایت شعاری اقدامات کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس حوالے سے کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت کفایت شعاری اور فیول کنزرویشن اقدامات میں 30 جون 2026 تک توسیع کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری گاڑیوں کیلئے ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کمی برقرار رہے گی، جبکہ 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو گراؤنڈ رکھنے کا فیصلہ بھی بدستور نافذ العمل رہے گا۔
حکومت نے سرکاری افسران کے غیر ملکی دوروں پر عائد پابندی میں بھی 30 جون 2026 تک توسیع کر دی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مخصوص اور ناگزیر نوعیت کی منظوریوں کے علاوہ سرکاری سطح پر بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ قومی وسائل کے مؤثر استعمال، مالی نظم و ضبط اور توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے دیگر فیول کنزرویشن اور کفایت شعاری اقدامات بھی آئندہ احکامات تک جاری رہیں گے۔ حکومت کے مطابق ان اقدامات کا مقصد غیر ضروری اخراجات میں کمی اور سرکاری وسائل کے بہتر استعمال کو فروغ دینا ہے۔