ویب ڈیسک:خیبرپختونخوا کے پہاڑی اور بالائی علاقوں میں خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ شہریوں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 18 سے 22 جون کے دوران مختلف بالائی اضلاع میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (GLOF)، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔
الرٹ میں اپر و لوئر چترال، سوات، اپر دیر، کوہستان اور مانسہرہ سمیت حساس علاقوں کو خصوصی طور پر شامل کیا گیا ہے، جہاں موسمی شدت کے باعث صورتحال متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مکمل تیاری کے ساتھ حساس مقامات کی مسلسل نگرانی یقینی بنائے جبکہ ریسکیو ٹیمیں، ہنگامی عملہ اور ضروری مشینری ہر وقت فعال رکھی جائے۔
اتھارٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ ممکنہ خطرے سے دوچار آبادی کو بروقت آگاہ کیا جائے اور ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات مکمل رکھے جائیں۔
عوام اور خصوصاً سیاحوں سے کہا گیا ہے کہ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔