سٹی 42 : سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ ایف بی آرموجودہ ٹیکس گذاروں پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ نہ ڈالے، اکاؤنٹس ہولڈرز کا ڈیٹا استعمال کرکے ٹیکس نیٹ بڑھائے اور نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے اقدامات کرے۔
گوہر اعجاز نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس ریلیف فراہم کیا جائے ، پاکستان میں ٹیکس فائلرز کی تعداد 59 لاکھ ہے،ملک میں 17 کروڑ 70 لاکھ بینک اکاؤنٹس ہولڈرز موجود ہیں،بینک اکاؤنٹس ہولڈرز کے پاس 32.7 ٹریلین کے ڈیپازٹس موجود ہیں۔
گوہر اعجاز نے بتایا کہ ایف بی آر ٹیکسوں کا دائرہ کار بڑھائے،ان فائلرز کے فنانشل پروفائلز کو دیکھا جا سکتا ہے، بینکس اکاؤنٹس ہولڈرز کی تمام معلومات جانتے ہیں، ایف بی آر نان فائلرز کی بینکنگ ٹرانزیکشنز اور ڈیپازٹس کو دیکھ سکتا ہے،ٹیکس فائلرز اور بینک اکاؤنٹس ہولڈرز کی تعداد میں بہت بڑا فرق ہے۔
