سٹی 42 : وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کی وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے ملاقات ہوئی، جس میں دونوں کے درمیان ریلوے کو جدید، محفوظ اور فعال بنانے کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی ۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے رانا ثناء اللہ کو 9 ٹرینیں آؤٹ سورس کرنے اور مزید 11 کی تیاری سے متعلق آگاہ کیا۔ اس موقع پر ریلوے اسکولز و اسپتالوں کو بھی آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
حنیف عباسی نے بتایا کہ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر معلوماتی ڈیسک قائم کر دیا گیا، جہاں مسافروں کو بروقت اور درست معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ RWMC کے ساتھ معاہدے کے بعد اسٹیشنز کی صفائی میں نمایاں بہتری آئی ہے، صفائی کے جدید نظام سے مسافروں کو بہتر ماحول فراہم کیا گیا۔
وزیر ریلوے نے بتایا کہ بوگیوں کی مرمت، نئی کوچز کی خریداری اور جدید ٹریکنگ سسٹم پر کام جاری ہے، مسافروں کے لیے سہولیات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا رہا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے اُن کے اقدامات کو سراہا، اور انہیں حکومتی حمایت کا یقین دلایا، کہا کہ ریلوے کی بہتری کے لیے وزیر اعظم آفس مکمل تعاون جاری رکھے گا۔