ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

صنعتوں کی ترقی کے ذریعے برآمدات پر مبنی معیشت حکومت کی اولین ترجیح ہے؛ وزیراعظم

صنعتوں کی ترقی کے ذریعے برآمدات پر مبنی معیشت حکومت کی اولین ترجیح ہے؛ وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صنعتوں کی ترقی کے ذریعے برآمدات پر مبنی معیشت حکومت کی اولین ترجیح ہے، غیر یقینی صنعتی پالیسیاں صنعتوں کے  فروغ میں حائل رہی ہیں۔ ہم ایک مؤثر پالیسی کی بدولت صنعتی ترقی کو نئی بلندیوں پر لے کر جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی صنعتوں کے حوالے سے منعقد کیے گئے اجلاس میں کیا، کہا کہ ملکی برآمدات میں صنعت مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے لیے ملکی صنعتوں کی ترقی نا گزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی صنعتوں کو عالمی معیار کے مطابق افرادی قوت اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ٹیرف ریشنلائزیشن پالیسی کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ معاشی پالیسیاں ملکی صنعتوں کی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صنعتی پیداوار میں اضافے اور صنعتوں کو درپیش مسائل کے پائیدار حل کے لیے صنعتی پالیسی کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ملکی صنعتوں کی ترقی کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ مؤثر صنعتی پالیسی کے ذریعے ملک کے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو بحال کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے صنعتی پالیسی کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔