سٹی 42: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام سے آئندہ انتخابات میں تیر کے نشان کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کا اعتماد ملا تو پیپلزپارٹی نہ صرف حکومت بنائے گی بلکہ کشمیر کے عوام کے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر مؤثر آواز اٹھائے گی۔
آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب بھی کوٹلی آتا ہوں تو اپنے گھر جیسا احساس ہوتا ہے، کیونکہ یہاں کے عوام اور منتخب نمائندے ان کے خاندان کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی مقبول ترین جماعت ہے اور اس بار گزشتہ انتخابات سے بہتر نتائج کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ صرف وفادار اور نظریاتی کارکنوں کو دیے گئے ہیں، جبکہ یہ انتخابات آزاد کشمیر کی تاریخ کے اہم ترین انتخابات ہیں۔ ان کے بقول سیاست کا مقصد اقتدار نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہے، اور کامیابی کی صورت میں عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں واضح اکثریت حاصل کرنے کے لیے ہر نشست اہم ہے، اس لیے 27 جولائی کو عوام تیر کے نشان پر مہر لگا کر پیپلزپارٹی کو کامیاب بنائیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ ہر قومی اور بین الاقوامی فورم پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں اٹھائیں گے۔ ان کے مطابق آزاد کشمیر کو حقِ حاکمیت، حقِ ملکیت، بہتر روزگار کے مواقع اور قومی فیصلہ سازی کے اداروں میں مؤثر نمائندگی ملنی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی میں آزاد کشمیر کو مبصر کا درجہ دیا جائے جبکہ این ایف سی میں بھی اس کی نمائندگی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے نوجوان تبدیلی اور اصلاحات چاہتے ہیں، اس لیے عوام اس بار پیپلزپارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں تاکہ ترقی اور عوامی خدمت کا سفر آگے بڑھایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی سب سے مقبول جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔ ان کے مطابق پارٹی ٹکٹ کے لیے اتنے زیادہ امیدوار تھے کہ قیادت کو فیصلہ کرنے میں دشواری پیش آئی، تاہم ہدایت دی گئی کہ ٹکٹ صرف وفادار اور مخلص کارکنوں کو دیے جائیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ انتخابات آزاد کشمیر کی تاریخ کے اہم ترین انتخابات ہیں اور سیاست دانوں کی بنیادی ذمہ داری عوام کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنی ذمہ داری پوری کر چکی ہے، اب کامیابی دلانا عوام کے ہاتھ میں ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اقتدار میں آکر عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پارٹی کو گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں بہتر نتائج حاصل ہوں گے اور آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت قائم ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ واضح اکثریت کے حصول کے لیے کوٹلی کی ہر نشست اہم ہے، اس لیے عوام پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔