سعید احمد: ریلوے ہیڈکوارٹر نے اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیورز کی آسامیوں کیلئے درخواست دینے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔ اب خواہشمند امیدوار 25 جنوری 2026 تک اپنی درخواستیں جمع کروا سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق نیشنل جاب پورٹل میں فنی خرابی کے باعث ویب سائٹ دو روز تک بند رہی، جس کی وجہ سے امیدوار آن لائن درخواستیں جمع نہیں کرا سکے تھے۔ اسی پیشِ نظر ریلوے ہیڈکوارٹر نے امیدواروں کی سہولت کیلئے تاریخ بڑھانے کا فیصلہ کیا۔
ریلوے حکام کے مطابق اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیورز کی بھرتی کیلئے تیاریاں جاری ہیں اور ملک بھر کی ساتوں ریلوے ڈویژنوں میں مجموعی طور پر 417 اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیورز بھرتی کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ڈویژن میں, 182سکھر میں ,66ملتان میں 51 ,پشاور میں 33,راولپنڈی میں 30,کوئٹہ میں 29 اورلاہور میں 26 اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیورز بھرتی کیے جائیں گے۔
آسامیوں کیلئے تعلیمی اہلیت میٹرک کے بعد 3 سالہ ڈی اے ای (ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئر) مقرر کی گئی ہے۔
کوٹہ سسٹم کے تحت 60 فیصد اوپن میرٹ،20 فیصد ریلوے ملازمین کے بچوں کیلئے،10 فیصد ایکسپریس سروس مین کیلئے،5 فیصد اقلیتوں کیلئےاور 5 فیصد یتیم بچوں کیلئے مختص کیا گیا ہے۔
ریلوے حکام نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل نیشنل جاب پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواستیں مکمل کریں تاکہ بعد ازاں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔