سٹی42: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت کے پیش نظر رمضان المبارک 2026 کے دوران دفاتر کے اوقات کار جاری کر دیے ہیں۔
جاری اعلامیے کے مطابق ہیڈ آفس، ریجنل ہیڈ آفسز اور وہ تمام نادرا رجسٹریشن سینٹرز جہاں ایک شفٹ میں کام ہوتا ہے، پیر سے جمعرات صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے تک جبکہ جمعہ کے روز صبح 8 بجے سے دوپہر 12 بج کر 30 منٹ تک کھلے رہیں گے۔
وہ دفاتر جہاں دو شفٹوں میں کام ہوتا ہے وہاں صبح کی شفٹ پیر سے جمعرات اور ہفتہ صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بجے تک جبکہ جمعہ کو صبح 8 بجے سے دوپہر 12 بج کر 30 منٹ تک جاری رہے گی۔ شام کی شفٹ پیر سے جمعرات اور ہفتہ دوپہر 12 بج کر 30 منٹ سے شام 5 بجے تک جبکہ جمعہ کو دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک کام کرے گی۔
نادرا میگا سینٹرز میں صبح کی شفٹ پیر سے ہفتہ صبح 8 بجے سے دوپہر 12 بج کر 30 منٹ تک ہوگی جبکہ شام کی شفٹ پیر سے جمعرات، ہفتہ اور اتوار دوپہر 12 بج کر 30 منٹ سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ جمعہ کے روز شام کی شفٹ دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک کام کرے گی۔
نادرا حکام کے مطابق شہری گھر بیٹھے بھی Pak ID ایپ کے ذریعے متعدد خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔ اس ایپ کے ذریعے شناختی کارڈ، نائیکوپ اور پی او سی کی تجدید یا ترمیم، خاندان کے افراد کی تفصیلات دیکھنے، آئی ڈی والٹ میں ڈیجیٹل دستاویزات محفوظ رکھنے، ب فارم اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے اجرا سمیت دیگر سہولیات دستیاب ہیں، جبکہ پاسپورٹ، جانشینی سرٹیفکیٹ اور اسلام آباد میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی منتقلی کے لیے بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔