وزیر اعظم کی زیر صدارت پی کے ایل آئی میں مفت علاج سے متعلق جائزہ اجلاس کا انعقاد  

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ  میں غریب عوام کے لیے جدید اورمفت علاج کی  سہولیات سے متعلق جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔

 تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت  پی کے ایل آئی  میں مفت علاج سے متعلق جائزہ اجلاس میں  وزیر اعلیٰ پنجاب  سید محسن رضا نقوی نے   چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، سیکرٹری ہیلتھ پنجاب احمد جاوید قاضی، پی کے ایل آئی کے بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر سعید اختر،  مجیب الرحمن شامی اور دیگر بورڈ ممبران اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

 اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ پی کے ایل آئی کی طرف سے قائم کردہ ہیپاٹائٹس پروینشن اینڈ ٹریٹمنٹ پروگرام کوفوری طور پر دوبارہ پی کے ایل آئی کی  زیر نگرانی لینے کی ضرورت ہے ،  انہوں نے مزید کہا کہ پی کے ایل آئی میں غریب عوام کے مفت علاج کے نظام کی تجدید نو پر خصوصی توجہ دینے چاہیے اور  اس ضمن میں 50 فیصد مریضوں کا مکمل طور پر مفت علاج ہونا چاہیے .انہوں  نے غریب مریضوں کے علاج کے لئے خصوصی فنڈ قائم کرنے کی ہدایت کی اور اس میں مخصوص رقم فوری طور پر مختص کرنےکی ضرورت پر بھی زور دیا .

 اجلاس میں وزیراعظم  کو پی کے ایل آئی کے نئے مقرر کردہ بورڈ آف گورنرز اور چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر سعید اختر کی طرف سے بریفنگ دی گئی، وزیراعظم  کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی کے ایل آئی میں پیچیدہ سرجری کی استعداد کار کو بھرپور طریقے سے بڑھانے کے لیے کام کیا جا رہا ہےاور فی الوقت 41 فیصد مریضوں کا مکمل طور پر مفت علاج کیا جا رہا ہے، پی کے ایل آئی میں کی جانے والے علاج کا کامیابی کا تناسب پچانوے فیصد سے بھی زیادہ ہے