سٹی 42 : وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع شمالی وزیرستان میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیراعظم نے کاروائی میں فتنتہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی۔ شہباز شریف نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے حوالدار محمد وقاص، نائیک خانویز، سپاہی صفیان حیدر اور سپاہی رفعت کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم منے شہداء کی بلندی ء درجات کی دعاء اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے حملے میں زخمی ہونے والے شہریوں کی جلد صحت یابی کی دعاء کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔