ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

باٹا پور میں سی سی ڈی کا مبینہ پولیس مقابلہ، دو ملزمان ہلاک

باٹا پور میں سی سی ڈی کا مبینہ پولیس مقابلہ، دو ملزمان ہلاک
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: لاہور کے علاقے باٹا پور میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ( سی سی ڈی) اور ملزمان کے درمیان مبینہ پولیس مقابلہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو ملزمان ہلاک ہو گئے۔

سی سی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت علی رضا اور منصب علی کے نام سے ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے کھیرا پل نہر کے قریب سی سی ڈی کینٹ کی ٹیم کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے دوران ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے، جبکہ ان کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ فرار ملزم کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

سی سی ڈی حکام کا مزید کہنا ہے کہ واقعے کے بعد پولیس نے دونوں ملزمان کی لاشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیں، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب  لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں رات گئے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ( سی سی ڈی) اور ملزمان کے درمیان مبینہ پولیس مقابلہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں زیرِ حراست ملزم محمد حیات ہلاک ہو گیا۔

پولیس کے مطابق سی سی ڈی کی ٹیم زیرِ حراست ملزم محمد حیات کو ریکوری کے لیے لے جا رہی تھی کہ اسی دوران پہلے سے گھات لگائے اس کے ساتھیوں نے ملزم کو چھڑوانے کی نیت سے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران زیرِ حراست ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا۔

واقعے میں سی سی ڈی کے اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے جبکہ ملزم کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے ہلاک ملزم کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ محمد حیات منشیات فروشی، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھا۔ واقعے کے بعد ہلاک ملزم کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔