ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب بھر کے شعبہ صحت کی نجکاری کا فیصلہ

پنجاب بھر کے شعبہ صحت کی نجکاری کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( زاہد چودھری ) ٹیچنگ ہسپتالوں کے بعد پنجاب بھر کے شعبہ صحت کی نجکاری کا فیصلہ، ریجنل ہیلتھ اتھارٹیز قائم کرکے ڈسٹرکٹ، تحصیل ہسپتال، دیہی اور بنیادی مراکز صحت میں ٹھیکیداری نظام رائج کیا جائے گا، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس کا سرکاری ملازمت کا درجہ بھی ختم ہوجائے گا، صرف کنٹریکٹ پر بھرتیاں ہونگی، منصوبے پر عملدرآمد کے پہلے مرحلے کے طور پر کلینیکل ٹیسٹوں کی قیمتیں بڑھا دی گئیں۔

حکومت کی جانب سے ٹیچنگ ہسپتالوں کی نجکاری کیلئے ایم ٹی آئی ایکٹ کے نفاذ کے کوشش کے بعد اب پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ، تحصیل ہسپتالوں، مراکز صحت کی بھی نجکاری کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ پرائمری ہیلتھ نے نجکاری کے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا ہے، خیبرپختونخواہ کی طرز پر پنجاب میں بھی منصوبے کے تحت نو ڈویژنز میں ریجنل ہیلتھ اتھارٹیز قائم ہوں گی جن کو مالی اور انتظامی خودمختاری حاصل ہوگی۔

ذرائع کے مطابق ریجنل ہیلتھ اتھارٹیز کو نجی شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد چلائیں گے اور ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس کا سرکاری ملازمت کا درجہ ختم کر دیا جائے گا۔ نجکاری کے منصوبے کے تحت ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہسپتالوں سمیت مراکز صحت کو دیئے گئے بجٹ کو بھی مرحلہ وار کم کیا جائے گا اور ان ہیلتھ فسیلیٹیز کو اپنی آمدنی خود پیدا کرنا ہوگی۔

اس سلسلے کی پہلی کڑی کے طور پر محکمہ پرائمری ہیلتھ نے کلینکل ٹیسٹوں کی قیمتوں میں دو سے چار گنا تک اضافہ کردیا ہے جبکہ مفت علاج کی سہولت کو بھی محدود کر دیا گیا ہے۔