سٹی 42 : وفاقی وزیر مملکت کئیل داس کوھستانی کی گاڑی پر ٹھٹھہ میں نا معلوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے۔
کئیل داس پریس کلب ٹھٹھہ کے صدر اقبال جاکھرو کے بھائی کی تعزیت کرکے اور مسلم لیگ ن ٹھٹھہ کے رہنما عباس عطائی سے ملاقات کرکے جھوک شریف جارہے تھے، اسی دوران نا معلوم افراد نے ٹماٹروں اور ڈنڈوں سے حملہ کیا۔
حملے کی وجہ سے وفاقی وزیر مملکت کی گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے وزیر مملکت مذہبی امور کھیل داس کوہستانی کی ٹھٹھہ میں گاڑی پر حملے کا نوٹس لے لیا۔
وفاقی حکومت نے آئی جی سندھ غلام نبی میمن سے رابطہ کیا اور واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں، وفاقی سیکرٹری داخلہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔
عطاءاللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ عوامی نمائندوں پر حملے ناقابل برداشت ہیں، سندھ حکومت واقعہ کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرے۔ انہوں نے کہا کہ حملے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔