سٹی 42 : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام مسلسل دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہے ہیں، خیبر پختونخوا کے عوام دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں، اسی لیے باقی پاکستان میں امن ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کوہاٹ میں دہشتگردوں کے خودکش حملے کی صوبائی حکومت شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے، کوہاٹ خودکش حملے میں شہید پولیس جوانوں اور عام شہریوں کے درجات بلندی کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی عوام کی قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان میں امن آیا تھا، خیبر پختونخوا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا فرنٹ لائن صوبہ ہے۔
محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ اسلام آباد سمیت باقی پاکستان میں امن خیبر پختونخوا کے عوام کی قربانیوں کی وجہ سے ہے، خیبر پختونخوا کے عوام قربانیاں دے رہے ہیں، اس قربانی کی قدر کرنی چاہیے، خیبر پختونخوا کے عوام کے خلاف کہے گئے ایک ایک لفظ سے ہمارے زخم تازہ ہوتے ہیں اور ہمارے شہداء کی بے حرمتی ہوتی ہے۔ سب سے بڑے صوبے کے جعلی وزیراعلیٰ کا کہنا کہ انڈیا سے نہیں بلکہ باقی تین صوبوں سے خطرہ ہے، افسوسناک ہے۔ خیبر پختونخوا اور باقی صوبے محب وطن پاکستانی ہیں، انہوں نے پاکستان کے لیے قربانیاں دی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے پاکستان کے لیے قربانیاں دی ہیں، اب بھی دے رہے ہیں اور ان شاء اللہ ہمیشہ دیتے رہیں گے۔ پاکستان ہمارا ملک ہے، کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ عوام کے درمیان تفریق، تعصب اور نفرت پیدا کرنے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔ ان شاء اللہ پاکستان ہمیشہ زندہ، قائم اور دائم رہے گا ۔