رانا آ زر:پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ اور سلور ٹورنامنٹس کا آغاز 19 ستمبر سے ہوگا، دونوں ایونٹس میں 3 روزہ نان فرسٹ کلاس میچز کھیلے جائیں گے جبکہ فائنلز 4 روزہ ہوں گے۔
گریڈ ٹو گولڈ میں 10 ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گولڈ کے سیمی فائنلز 10 سے 13 اکتوبر جبکہ فائنل 16 سے 19 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔ گولڈ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم 50 لاکھ روپے انعام کی حقدار ہوگی اور گریڈ ون میں پروموٹ کی جائے گی۔
گریڈ ٹو سلور میں 6 ٹیمیں شریک ہوں گی، جن میں یونیورسٹی آف پنجاب اور یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب بھی شامل ہیں۔ سلور کے سیمی فائنلز 10 سے 12 اکتوبر جبکہ فائنل 15 سے 18 اکتوبر تک ہوگا۔ سلور کی چیمپئن ٹیم کو 25 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا جبکہ فاتح اور رنر اپ دونوں ٹیمیں گریڈ ٹو گولڈ میں پروموٹ ہوں گی۔
گریڈ ٹو گولڈ کے میچز اسلام آباد، ہری پور اور کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ گریڈ ٹو سلور کے مقابلے لاہور، شیخوپورہ اور مریدکے میں ہوں گے۔