وقاص عظیم: آئندہ مالی سال 2025-26 کے لیے وفاقی بجٹ کے اہم خدوخال سامنے آگئے, سرکاری رپورٹس اور آئی ایم ایف کی دستاویزات کے مطابق مجموعی ٹیکس آمدنی 17 ہزار 35 ارب روپے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال وفاقی حکومت کی آمدنی 15 ہزار 815 ارب روپے رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ ایف بی آر کے لیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 14 ہزار 307 ارب روپے مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
اہم مالی اہداف کے مطابق ڈائریکٹ ٹیکس وصولیوں کا ہدف 6 ہزار 470 ارب روپے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں وصولیوں کا ہدف 1 ہزار 153 ارب روپے، سیلز ٹیکس کی مد میں ہدف 4 ہزار 943 ارب روپے، کسٹمز ڈیوٹی کی وصولی 1 ہزار 741 ارب روپےاور آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق نان ٹیکس آمدنی کا ہدف 2 ہزار 584 ارب روپے ہوگا۔
اس کے علاوہ اہم اخراجات کے مطابق دفاعی اخراجات 2 ہزار 414 ارب روپے، سبسیڈیز 1 ہزار 367 ارب روپے، گرانٹس 1 ہزار 619 ارب روپے، وفاقی ترقیاتی بجٹ (PSDP) 1 ہزار 65 ارب روپے، سود کی ادائیگیاں 8 ہزار 665 ارب روپے ہونے کا امکان ہے۔