ویب ڈیسک: جنوبی ایشیا میں سچ اور جھوٹ کی کشمکش پر مبنی تاریخی لمحات کو اجاگر کرتی پاکستان کی نئی دستاویزی فلم "معرکۂ حق" جاری کر دی گئی ہے۔ 27 منٹ 51 سیکنڈ پر مشتمل یہ فلم سنسنی خیز، جامع اور حقائق پر مبنی بیانیہ پیش کرتی ہے جو خطے کی حالیہ جیو اسٹریٹیجک صورتحال کو سمجھنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
دستاویزی فلم میں بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آنے والے فالس فلیگ آپریشن کو ناقابلِ تردید شواہد کے ساتھ بے نقاب کیا گیا ہے۔ فلم یہ ثابت کرتی ہے کہ بھارتی حکومت کی طرف سے پیش کردہ بیانیہ حقیقت کے معیار پر پورا نہیں اترتا۔
"معرکۂ حق" نہ صرف بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کرتی ہے بلکہ پاکستان کی جانب سے 10 مئی کو کیے گئے عسکری آپریشن "بنیان مرصوص" کو بھی تفصیل سے پیش کرتی ہے۔ اس فیصلہ کن کارروائی نے بھارت کے جنگی عزائم کو بھرپور عسکری جواب دیا اور واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
فلم میں پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی بروقت اور دانشمندانہ فیصلہ سازی کو سراہا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستانی عوام کی اپنی افواج کے ساتھ والہانہ محبت، حمایت اور قربانیوں کو بھی بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
دستاویزی فلم میں بھارت کے اندر سے بھی اُن آوازوں کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے مودی سرکار کے بیانیے کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دیا اور عالمی سطح پر بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کو بے نقاب کیا۔
"معرکۂ حق" ایک نہایت معلوماتی اور جذبات سے لبریز دستاویزی فلم ہے جو سچائی، حب الوطنی اور جرات مندانہ بیانیے کی عمدہ مثال ہے.