سٹی 42 : وزیراعظم شہباز شریف نے دانش اسکولوں میں معاشی طور پر کمزور بچوں کے لیے زیادہ سے زیادہ داخلوں کے مواقع فراہم کرنے کی ہدایت کردی، کہنا ہے کہ معاشی طور پر کمزور بچوں کو یکساں تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرنا اولین ترجیحات مین شامل ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت دانش اسکولوں اور دانش یونیورسٹی کی تعمیر کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس ہوا ۔
وزیراعظم نے دانش سکولوں اور یونیورسٹی کے منصوبوں میں عالمی معیار سے ہم آہنگ تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی، ساتھ ہی ان منصوبوں میں بین الاقوامی معیار کی ڈیجیٹل لائیبریری بھی قائم کرنے کی ہدایت کی، کہا کہ تمام دانش سکولوں میں عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق سمارٹ بورڈز، ای لائبریری اور دیگر جدید سہولیات فراہم کی جائیں۔
وزیراعظم نے دانش سکول اور یونیورسٹی منصوبوں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی ہدایت کی، کہا کہ تمام دانش اسکولوں اور یونیورسٹی میں تربیت یافتہ اساتذہ اور افرادی قوت کو میرٹ پر بھرتی کیا جائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں معاشی طور پر کمزور و محروم طبقات کے بچوں میں ہنر اور صلاحیتوں کی بنیاد پر عالمی سطح پر اپنا لوہا منوانے کی لا محدود استعداد ہے۔
شہباز شریف نے کہاکہ الحمد للہ یکساں تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرکے معاشرے میں طبقاتی فرق کو ختم کرنے اور ملکی تعمیر و ترقی میں معاشی طور پر کمزور بچوں کو اپنا کردار ادا کیلئے موجودہ دانش سکول اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، قوم کے ان بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ بلوچستان کے علاقوں سبی، ژوب، موسیٰ خیل، مہتر زئی اور ڈیرہ بگٹی میں 5 دانش سکول بنائے جائیں گے، کراچی اور چترال میں دانش اسکول کی تعمیر کے عمل کا آغاز ہو چکا ہے، اسلام آباد میں دانش اسکول کی تعمیر رواں برس میں مکمل ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان، سلطان آباد، شِگر اور استور میں دانش اسکولوں منصوبوں پر بریفنگ دی گئی ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں بھمبر اور شاردہ میں دانش اسکولوں کی تعمیر پر کام جاری ہے جبکہ باغ میں دانش سکول کی تعمیر پر کام جلد شروع کر دیا جائے گا، ملک بھر کے دانش اسکولوں میں صوبہ پنجاب میں قائم دانش سکولوں کی طرز پر میرٹ پر بھرتیاں اور معقول تنخواہ دی جائے گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ دانش اسکولز اتھارٹی ایکٹ کا مسودہ تیار ہے اور جلد حکومت سے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، چین اور ترکیہ میں منعقدہ روڈ شوز میں پاکستان میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر میں متعدد بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی جانب سے دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی ڈاکٹر احسن اقبال، وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔