سٹی 42 :سابق وزیر خارجہ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان سے شکست کھانے کے بعد افسوس ناک طور پر بھارت نے امریکا کی سفارتی مداخلت کی بھی مخالفت کی ہے، پاکستان نہ تو تصادم چاہتا ہے اور نہ ہی بھارت سے مکالمے کے لیے بے چین ہے۔
بلاول بھٹو نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ آج پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ظہرانے پر ملاقات کریں گے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کی یہ ملاقات جنگ بندی کی امریکی کوششوں کے تناظر میں پاک امریکہ تعلقات میں ایک مثبت پیشرفت ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پانچ روزہ جنگ میں پاکستان کی فیصلہ کن فتح کے بعد بھارت نے افسوسناک طور پر مستقل امن کی طرف تمام کوششوں کی مخالفت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ امن دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، ہمارے تنازعات کا کوئی عسکری حل نہیں ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کی آبی جارحیت، مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر اور دہشتگردی کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ایسے مؤقف ہیں جو زیادہ دیر تک برقرار نہیں رہ سکتے، پاکستان اور بھارت کے تناع کا مستقبل انکار یا ہٹ دھرمی میں نہیں بلکہ سچ پر مبنی سفارتکاری ہے۔