ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بلاول بھٹو سے سرفراز بگٹی کی ملاقات، بلوچستان امن کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

بلاول بھٹو سے سرفراز بگٹی کی ملاقات، بلوچستان امن کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اسلام آباد میں زرداری ہاؤس پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی سیاسی، انتظامی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے بلاول بھٹو زرداری کو صوبے میں دہشت گردی کی حالیہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ زیارت سانحے کے متاثرہ خاندانوں کی دلجوئی اور ان کے مطالبات پر پیش رفت کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ لواحقین کے مطالبے پر واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

سرفراز بگٹی نے بتایا کہ بلوچستان میں امن کے قیام اور سیاسی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے جلد آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی جائے گی، جس میں پارلیمان سے باہر موجود سیاسی جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردی کی حالیہ لہر میں شہید ہونے والے فوج، ایف سی اور پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردی کے متاثرہ خاندانوں کے دکھ کو محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے زیارت سانحے کے متاثرین کی داد رسی اور مذاکراتی عمل میں مثبت کردار ادا کرنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان کی کوششوں کو سراہا اور اس عمل میں تعاون کرنے والی اپوزیشن جماعتوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ بلوچستان کے سیاسی مسائل کا پائیدار حل صرف مذاکرات میں ہے، جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ سیاسی جماعتوں کے درمیان مکالمے پر یقین رکھتی ہے، خواہ وہ حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف پارٹی کا مؤقف واضح ہے اور اس ناسور کے خاتمے کے لیے پوری قوم متحد ہو کر کھڑی رہے گی۔