سٹی42: تحریک انصاف کے جبراً "سابق" کر دیئے گئے رہنما شیرافضل مروت نے بانی کی بہن علیمہ خان پر منہ کی توپ سے تنقید کے گولے برسا کر ان کے پرخچے اڑا ڈالے۔
سیدھی بات کر ڈالنے کے لئے بدنام شیر افضل نے لندن میں صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا، علیمہ اپنے بچوں کے ساتھ بانی کی رہائی کے لئے تحریک چلائیں۔
شیر افضل مروت نے کہا، علیمہ خان نے انہیں پارٹی میں آئسولیٹ کروایا اور علیمہ نے ہی پوری پی ٹی آئی قیادت کی بے عزتی کرائی۔
شیر افضل مروت نے کہا، علیمہ خان نے" پشتونوں کے بچوں" کو تحریک چلانے کے لئے کہا، اپنے بچوں کو برطانیہ بھیجا ہوا ہے۔
شیر افضل ایدووکیٹ نے کہا، اپنے بچے برطانیہ چلے جائیں اور دوسروں کے بچے تحریک چلائیں؛ یہ کہاں کا انصاف ہے
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ علیمہ خان ورکرز اور لیڈرز کو تنگ کرکے پریشر میں لاتی ہیں، ان کے پاس بہترین موقع ہےکہ وہ خود "تحریک" چلائیں، خواہش ہے علیمہ خان اور ان کے بچے بانی پی ٹی کی رہائی کی تحریک کو لیڈ کریں۔
شیر افضل مروت نے خود کو پی ٹی آئی میں آئیسولیٹ کر دیئے جانے کا ذمہ دار علیمہ کو قرار دیا اور کہا، انہیں بانی پی ٹی آئی سے دور کرنے میں علیمہ خان، سلمان اکرم اور شبلی فراز کا کردار ہے، چلتے چلتے بانی کے وکیل سے ترقی پا کر سیاستدان بن جانے والےسلمان اکرم راجہ کی بھی کلاس لے لی اور کہا، سلمان اکرم راجا اپنے آپ کو کلاس کا مانیٹر سمجھتے ہیں