ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاک ،افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام، 5 مبینہ خودکش حملہ آور گرفتار

پاک ،افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام، 5 مبینہ خودکش حملہ آور گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر خوارج کی ایک اور بڑی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے پانچ مبینہ خودکش حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا۔

 سکیورٹی ذرائع کے مطابق 17 جولائی کی شام 5 بجے خوارج نے پاک افغان سرحد سے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے اطلاع ملتے ہی پانچ مختلف مقامات پر ناکہ بندی کی، شام 6 بج کر 25 منٹ پر عزیز خیل اور منڈی خیل کی جانب پیش قدمی کی۔

 فورسز نے پانچ مختلف مقامات پر ناکہ بندی کی اور خوارج کو بیسی خیل کی مسجد میں پناہ لیتے ہوئے گھیر لیا، بہترین حکمت عملی کے باعث فورسز نے مسجد کا فوری محاصرہ کیا، جس کے بعد دہشت گردوں نے ہتھیار ڈال دیئے۔

 گرفتار ہونے والے تمام خوارج افغان شہری ہیں جن کی عمریں 15 سے 18 سال کے درمیان ہیں، جبکہ تین ملزمان کے پاس افغان شناختی کارڈ بھی موجود ہیں، تمام خوارج کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، سکیورٹی فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

 سکیورٹی ذرائع کے مطابق حالیہ مہینوں میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کئی کوششیں ناکام بنائی گئیں، شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے 25 سے 27 اپریل 2025 کے دوران کامیاب آپریشن میں 71 خوارج ہلاک کئے، جبکہ 4 جولائی کو بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی دراندازی میں 30 خوارج مارے گئے تھے۔

 اس سے قبل 23 مارچ 2025 کو بھی افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش میں 16 خوارج جہنم واصل کئے گئے تھے۔

 سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد سے دراندازی سے لے کر پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے تک فتنہ الخوارج کو بھارت کی مکمل حمایت حاصل ہے۔