سکول مالکان اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب

سکول مالکان اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( فخر امام ) چھے روز احتجاج کے بعد پیف پارٹنرز سکول مالکان نے مطالبات کے حل کی یقین دہانی پر منگل تک دھرنا موخر کر دیا۔

واجبات کی ادائیگی کے معاملے پر احتجاج اور گرفتاریوں کے بعد انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ پیف پارٹنرز سکول مالکان کے مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ پیف پارٹنرز نے دھرنے کو منگل تک موخر کر دیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی تبریز مری کا کہنا تھا کہ پیف پارٹنرز کی نمائندہ کمیٹی کی جانب سے تمام مطالبات رکھے گئے ہیں۔ پیف پارٹنرز کی جون اور اس سے پہلے کی پیمنٹس وعدے کے مطابق ادا کر دی جائیں گی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ منگل تک دھرنا موخر کر رہے ہیں، اگر مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو منگل کو زبردست احتجاج ہوگا۔

یاد رہے آج پیف پارٹنرز سکول مالکان احتجاج کرنے لیے پہلے زمان پارک اور پھر پریس کلب پہنچے تھے۔ وزیر اعظم عمران خان کی آمد سے قبل زمان پارک کی پولیس نے اساتذہ کو حراست میں لے لیا۔ احتجاج کے پیش نظر زمان پارک اور پریس کلب میں پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی تھی۔ مشتعل اساتذہ نے پریس کلب کے سامنے شدید احتجا ج کیا اور صوبائی وزیر برائے سکول ایجوکیشن مراد راس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

بعد ازاں مظاہرین ریلی کی صورت میں گورنر ہاؤس پہنچے تو پولیس نے مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روکنے کی کوشش کی۔ نتیجے میں ہاتھا پائی ہوئی اور پولیس نے لاٹھیوں کا استعمال بھی کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب تک ان کی ادائیگیاں نہیں کی جاتیں وہ اپنا احتجاجی دھرنا اسی طرح سے جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر گرفتار کئے گئے مظاہرین کو بھی پولیس کی جانب سے چھوڑ دیا گیا۔