سٹی42: لاہور ائیرپورٹ اور اس کے اطراف شدید دھند کے باعث فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہو گیا، جس کے نتیجے میں اندرون و بیرون ملک جانے اور آنے والی متعدد پروازیں منسوخ جبکہ کئی طویل تاخیر کا شکار رہیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور سے کراچی جانے والی ایئربلیو کی پرواز پی اے 403 اور کراچی سے لاہور آنے والی پرواز پی اے 404 منسوخ کر دی گئی۔ اسی طرح جدہ جانے والی سعودی ایئر کی پرواز ایس وی 739 سترہ گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔
اتحاد ایئر کی ابوظہبی جانے والی پرواز ای وائے 285 اور ابوظہبی سے لاہور آنے والی پرواز ای وائے 284 بھی تیرہ، تیرہ گھنٹے تاخیر سے روانہ اور پہنچی۔ ابوظہبی سے آنے والی ایئربلیو کی پرواز پی اے 431 ساڑھے نو گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔
ذرائع کے مطابق جدہ سے آنے والی ایئرسیال کی پرواز پی ایف 717 چھ گھنٹے جبکہ جدہ سے آنے والی ایئربلیو کی پرواز پی اے 473 ساڑھے نو گھنٹے تاخیر سے لاہور پہنچی۔ کراچی سے لاہور آنے والی قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 302 تین گھنٹے 15 منٹ تاخیر کا شکار رہی، جبکہ دمام سے آنے والی فلائی ناس کی پرواز ایکس وائے 883 بھی تین گھنٹے تاخیر سے پہنچی۔