( سعدیہ خان ) مارچ میں اعلان کردہ حکومت مخالف تحریک، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے، ائیر پورٹ پر پارٹی کارکنوں کا جوش وخروش، جیے بھٹو کے نعرے اور پھول نچھاور کیے۔
بلاول بھٹو اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے۔ صدر پیپلز پارٹی پنجاب قمرالزمان کائرہ، چوہدری منظور، ملک عثمان اسلم گل، عابد صدیقی، عزیز الرحمان چن سمیت پارٹی ورکرز کی بڑی تعداد نے ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اپنے دورہ لاہور کے دوران پنجاب قیادت سے ملاقاتیں اور مارچ میں اعلان کردہ تحریک دوران جلسوں، کنونشنز کے حوالے سے صلاح مشورے کریں گے۔ بلاول بھٹو وسطی پنجاب کے بڑے شہروں میں جلسوں کی دی گئی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
بلاول بھٹو کے فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ اور ساہیوال میں جلسے مجوزہ ہیں۔ جلسوں کے علاوہ ورکرز، کسان، طلبہ کنونشن کیلئے بھی پنجاب کی قیادت سے مشاورت ہوگی۔