کورونا سے متاثرہ خاتون کے ہاں چار بچوں کی پیدائش

کورونا سے متاثرہ خاتون کے ہاں چار بچوں کی پیدائش
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سٹی 42 ) سری لنکا میں کورونا وائرس سے متاثرہ خاتون کے ہاں چار جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔

سری لنکا کے سرکاری ہسپتال کے ڈاکٹرز نے کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد خاتون کی ہنگامی سرجری کی۔ ڈاکٹرز کے مطابق خاتون کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا جس کی رپورٹ مثبت آئی۔ 25 سالہ خاتون کی کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ آنے اور طبیعت کو دیکھتے ہوئے فوری آپریشن کیا کیونکہ اُن کی حالت بہت زیادہ خراب ہوگئی تھی۔

سرجری کے نتیجے میں خاتون کے ہاں چار جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی جن میں سے دو لڑکے اور دو لڑکیاں ہیں۔ ڈاکٹر نے بتایا کہ چاروں بچوں کی حالت ویسے تو ٹھیک ہے مگر انہیں احتیاطاً نرسری میں رکھا گیا ہے جبکہ والدہ بھی مکمل ہوش میں ہیں جنہیں علیحدہ کمرے میں منتقل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب لاہور سمیت ملک بھر میں کورونا کے وار تیز ہوتے جارہے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید 84 افراد انتقال کرگئے۔ 39 ہزار 171 ٹیسٹ کیے گئے۔ 2 ہزار 972 مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ملک میں کرونا مریضوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 51 ہزار 494 ہوگئی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں تین ہزار 261 افراد صحت یاب ہوئے۔اب تک 3 لاکھ 99 ہزار 852 افراد کورونا کو شکست دے چکےہیں۔

ملک کے مختلف ہسپتالوں میں 2 ہزار 988 افراد زیرعلاج جبکہ 295 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ وینٹی لیٹرز پر سب سے زیادہ مریض ملتان میں 45 فیصد اسلام آباد میں 42 اور لاہور میں 34 فیصد ہیں۔ بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کوئی مریض وینٹی لیٹرز پر نہیں۔

پاکستان میں اس وقت کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 42 ہزار478 ہے، سب سے زیادہ سندھ میں 19 ہزار 783 جبکہ پنجاب میں 10 ہزار 899 فعال کیسز ہیں۔ اسلام آباد میں پانچ ہزار 898 خیبرپختونخوا میں چار ہزار 256 آزاد کشمیر میں ایک ہزار 105 بلوچستان میں 433 اور گلگت بلتستان میں 104 مریض ہیں۔

ملک میں اب تک 9 ہزار 164 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ سب سے زیادہ پنجاب میں تین ہزار 522 اور سندھ میں 3 ہزار 270 افراد انتقال لقمہ اجل بنے۔ خیبرپختونخوا میں ایک ہزار 511 اسلام آباد میں 385 آزاد کشمیر میں 200 اور گلگت بلتستان میں ننانوے مریض زندگی کی باز ہار چکے ہیں۔