( جنید ریاض ) سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سرکاری و نجی سکولوں کو لاک ڈاؤن کے دوران فیسوں کی وصولی کیلئے 2 سٹاف ممبران کو ڈیوٹی پر بلوانے کی اجازت دے دی۔
کرونا لاک ڈاؤن کے دوران سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سرکاری و نجی سکولوں کو 2 سٹاف ممبر ڈیوٹی بلانے کی اجازت دے دی۔ پرنسپل، اکاوٹنٹ اور ایڈمن سٹاف میں سے کسی دو کو مینجمنٹ کے کام کیلئے سکول بلایا جاسکے گا۔
ایڈمن سٹاف کو صبح 9 سے دوپہر 1 بجے تک بلایا جاسکے گا۔ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر سکولوں میں والدین کا رش مت لگایا جائے۔ فیسوں کی ادائیگی کیلئے صرف ایک دن میں ایک کلاس ٹیچر کو بلایا جاسکتا ہے۔
دوران لاک ڈاؤن بچوں کو سکول میں کسی مقصد کیلئے نہیں بلایا جاسکے گا۔ سکول کے اوقات کار میں صابن اور سٹینائزر لازمی موجود ہونے کےعلاوہ ادارے کو بھی مکمل اسٹینٹائز کرنا لازمی ہوگا۔
سکولوں کو فیس چلان جاری کرنے کیلئے صرف 20 سے 25 اپریل تک سکول کھولنے کی اجازت ہوگی جبکہ مئی کی فیس وصول کرنے کیلئے آئندہ ماہ وقت دیا جائے گا۔
وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ والدین کورونا وائرس کے پیش نظر سکول جاتے وقت خاص طور پر احتیاط کریں اور اگر انھوں نے فیس ادا نہیں کی تو وہ فیس چلان وصول کرکے بچوں کی فیس لازمی ادا کریں۔