ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بنوں اورشیرانی میں دہشت گردوں کے حملے ناکام، 3 دہشت گرد ہلاک، 4 زخمی

بنوں اورشیرانی میں دہشت گردوں کے حملے ناکام، 3 دہشت گرد ہلاک، 4 زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:  خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں اورشیرانی میں دہشت گردوں کے حملے ناکام بناتے ہوئے 3دہشت گرد ہلاک اور 4زخمی کر دیے گئے۔ پولیس کے مطابق بنوں میں دہشت گردوں نے پہلے میریان تھانے اور پھر مزنگ چوکی پر حملے کیے تاہم پولیس نے دلیری اور حکمت عملی سے دونوں حملے پسپا کر دیے۔

ریجنل پولیس افسر بنوں سجاد خان کے مطابق میریان تھانے پر حملہ صرف 20 منٹ میں ناکام بنا دیا گیا، جبکہ مزنگ چوکی پر درجنوں دہشت گردوں نے ایک گھنٹے تک بھاری ہتھیاروں سے حملہ جاری رکھا۔ پولیس نے تین دہشت گردوں کو ہلاک اور چار کو زخمی کر دیا، جبکہ حملے میں تین پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔ زخمی دہشت گردوں کو ان کے ساتھی لے کر فرار ہو گئے۔

دوسری جانب، تھانہ ہوید کی حدود میں واقع مزنگہ پولیس چوکی پر رات گئے تقریباً دو سو دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے انہیں چوکی میں داخل ہونے سے روک دیا۔ ڈی پی او سلیم عباس کلاچی کے مطابق دہشت گردوں نے چوکی کی دیوار کے ساتھ دھماکا خیز مواد بھی نصب کیا، جس سے دیوار کو نقصان پہنچا، تاہم پولیس کے اہلکاروں نے حملہ آوروں کو پسپا کر دیا۔

ادھر کرک کے گرگری تھانے پر بھی دہشت گردوں نے حملہ کیا، تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو تھانے کے قریب نہیں آنے دیا۔

بلوچستان کے ضلع شیرانی میں بھی گزشتہ شب دہشت گردوں نے پولیس لائنز اور ملحقہ لیویز تھانے پر حملہ کیا۔ حملے کے نتیجے میں لیویز کے تین اہلکار اور کانسٹیبلری کا ایک جوان شہید ہو گیا جبکہ چھ اہلکار شدید زخمی ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر حضرت ولی کاکڑ کے مطابق حملے کے بعد کمیونیکیشن سسٹم مکمل طور پر تباہ ہو گیا جبکہ ایک لیویز اہلکار اعظم خان تاحال لاپتہ ہے۔ فورسز کی بھاری نفری علاقے میں سرچ آپریشن میں مصروف ہے۔

تمام زخمیوں کو ژوب کے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے۔