سٹی42: ہمسایہ ملک کی محفوظ جنتوں سے پاکستان مین گھس کر دہشتگردی کی کارروائیاں کرنے میں ملوث بھارتی پراکسی خارجی دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں ایک اور اہم کامیابی لکی مروت میں ملی ہے جہاں ہماری فورسز نے آٹھ خارجی دہشتگردوں کو منطقی انجام سے دوچار کر دیا۔
لکی مروت کے علاقے سلطان خیل میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کاؤنٹر ٹیررسزم آپریشن کیا جس میں آٹھ خوارجی جہنم واصل ہو گئے۔
16 اکتوبر 2025 کو لکی مروت کے علاقے سلطان خیل میں پاک فوج نے انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن کیا ، مصدقہ اطلاعات کے مطابق آٹھ انتہائی مطلوب خوارجین کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں افغان طالبان اور بھارت کے پراکسی خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر فوری آپریشن کیا گیا۔
آپریشن کرنے سے پہلے ہماری فورسز نے سلطان خیل اور طوفان والا کے علاقوں میں فضائی اور زمینی نگرانی شروع کی۔


نگرانی کے دوران خوارج کی نقل و حرکت کی نشاندہی ہونے پر فوری کارروائی کی گئی۔
آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا۔
اس کامیاب آپریشن کے بعد گزشتہ چار روز میں افغان طالبان کے بھیجے گئے 102 خوارج جہنم واصل کئے جا چکے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت عوام اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف بلا امتیاز اور مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔