پنجاب پولیس جرائم پیشہ پیٹی بھائیوں کو گرفتار کرنے میں ناکام

پنجاب پولیس جرائم پیشہ پیٹی بھائیوں کو گرفتار کرنے میں ناکام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی ساہی: ڈاکو و چوروں کو پکڑنا تو دور کی بات پنجاب پولیس رواں سال مقدمات میں مطلوب اپنے ہی 545 ساتھیوں کو تاحال گرفتار نہ کرسکی، لاہور سمیت پنجاب میں 347 مقدمات میں ملوث صرف 167 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیا جاسکا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس میں جرائم پیشہ افسر و اہلکاروں کی تعداد بڑھنے لگی، پولیس کے اپنے ہی اعداد و شمار کے مطابق اہلکاروں کے خلاف لاہور سمیت پنجاب میں 347 مقدمات درج ہوئے، جن میں 773 پولیس ملازمین ملوث ہیں۔

لاہور میں اہلکاروں کے خلاف 35 مقدمات درج ہیں جن میں 72 افسر واہلکار ملوث پائے گئے، اب تک پنجاب پولیس نے167 ملازمین کو گرفتار کیا ہے جب کہ تاحال 545 افسران و اہلکار پولیس کی پہنچ سے دور ہیں۔ مقدمات میں ملوث 45 اہلکاروں نے ضمانت کرالی اور 3 اشتہاری قرار دیے جاچکے ہیں۔

پنجاب بھر میں پولیس افسر و اہلکاروں کے خلاف 105 کیسز کے چالان جمع ہوچکے ہیں، 182 کیسز زیر تفتیش ہیں، لاہور میں 10 چالان جمع ہوچکے ہیں جب کہ 24 کیسز ابھی تک زیر تفتیش ہیں، مقدمات میں ملوث 7 افسر و اہلکار گرفتار ہوچکے ہیں جب کہ 55 افسر و اہلکاروں کو پولیس گرفتار نہیں کرسکی، لاہور کے7 اہلکاروں نے ضمانت کرا رکھی ہے اور 3 اشتہاری قراردیے جاچکے ہیں۔