سٹی42: پنجاب یونیورسٹی ہاسٹلز میں حالیہ کلین اپ آپریشن کے مثبت اثرات سامنے آگئے ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے ہاسٹلز سے غیرقانونی قابضین کو نکالنے کے بعد 678 مارننگ پروگرامز کے مستحق طلبہ کو کمرے الاٹ کر دیے۔
ترجمان پنجاب یونیورسٹی کے مطابق ہاسٹلز میں غیرقانونی رہائش کے باعث مارننگ پروگرامز کے طلبہ ہاسٹل کی سہولت سے محروم تھے۔ ان نئے الاٹی طلبہ کا تعلق نہ صرف مارننگ پروگرامز سے ہے بلکہ وہ دیگر صوبوں اور دوردراز علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ہاسٹلز آپریشن کے بعد بلوچستان، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور سندھ سے تعلق رکھنے والے مزید طلبہ کو بھی کمرے الاٹ کیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق
بلوچستان کے طلبہ کی تعداد بڑھ کر 281 ہو گئی، خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی تعداد 192،گلگت بلتستان کے طلبہ کی تعداد 165، سندھ سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی تعداد 116 اور آزاد کشمیر کے طلبہ کی تعداد 36 ہو گئی ہے۔
یونیورسٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کی خصوصی ہدایت پر ہاسٹلز میں سخت چیکنگ کا عمل آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ صرف مستحق اور باقاعدہ داخل شدہ طلبہ ہی ہاسٹل کی سہولت حاصل کر سکیں۔