سٹی 42: گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین کوٹ رادھا کشن میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (HED) اورحکومتِ پنجاب کی طرف سے منتخب ہونے والے ضلع بھر کے نمایاں اساتذہ کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز قصور سر علی حمید مہمان خصوصی تھے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر عرفان خان اور گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین کوٹ رادھا کشن کی پرنسپل ڈاکٹر سمیرا بھی شریک ہوئیں ۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن کی جانب سے تقریب کرکے اساتذہ کی کارکردگی کا باقاعدہ اعتراف کرنا تھا ۔
ڈائریکٹر کالجز نے کہا تعلیمی نظام کی اصل روح استاذ ہے اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ویژن کے مطابق ہمارا مقصد صوبے بھر کے کالجز میں تحقیق،جدت اور تخلیقی تدریس کو فروغ دینا ہے۔ہم یہ چاہتے ہیں کہ اساتذہ کو یہ احساس ہو کہ اس کی محنت رائیگاں نہیں جا رہی ان کی ہر کاوش کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز قصور سر علی حمید نے اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ اور نسلِ نو کی تربیت کیلئے اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف اور حوصلہ افزائی نہایت ضروری ہے۔ضلع قصور کے اساتذہ نے ہمیشہ بہترین نتائج اور تدریسی خدمات کا مظاہرہ کیا ہےاسسٹنٹ ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر عرفان خان نے تعلیمی معیار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آج جن اساتذہ کو ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سراہا ہے وہ ہمارے محکمے کا فخر ہیں۔
گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین پتوکی کی پرنسپل ڈاکٹر یاسمین اشرف نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر ڈپٹی ڈائریکٹر علی حمید، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر عرفان خان،پرنسپل ڈاکٹر سمیرا اور انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کالج کی ڈاکٹر صفیہ ہارون کو نمایاں کارکردگی پر تعریفی سرٹیفکیٹ ملنا پتوکی کے لیے باعثِ فخر ہے۔اساتذہ کی خدمات کا یہ اعتراف قابل ستائش ہے اور اس کے نتائج ہمارے طلبا کی کامیابی کی صورت میں سامنے آئیں گے۔

اس موقع پر ضلع بھر سے منتخب اساتذہ میں تعریفی اسناد اور اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ تقریب کے دوران اعزازات حاصل کرنے والے منتخب اساتذہ نے محکمے اور افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ہم ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ،ڈائریکٹوریٹ آف کالجز اور اپنے ریجنل افسران کے شکرگزار ہیں کہ انھوں نے ہماری علمی و تدریسی خدمات کو اس پروقار تقریب میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
شرکا نے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور کالج انتظامیہ کے اس خوب صورت اقدام کو بے حد سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اساتذہ کی عزت افزائی کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی تعلیمی معیار کی بلندی اور روشن تعلیمی مستقبل کی ضمانت بنے گا۔