جنید ریاض: پنجاب کے سرکاری سکولوں کے نان سیلری بجٹ میں مبینہ خرد برد کے انکشاف کے بعد حکومت نے آئندہ مالی سال کیلئے فنڈز کی تقسیم اور مانیٹرنگ کا نظام تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری سے سکولوں کو نان سیلری بجٹ (NSB) نئے فارمولے کے تحت جاری کیا جائے گا تاکہ شفافیت اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق نئے این ایس بی فارمولے میں فکسڈ سکول الاٹمنٹ کا حصہ 17.41 فیصد مقرر کیا گیا ہے، جبکہ طلبہ کے اندراج اور تعلیمی کارکردگی کی بنیاد پر 25.40 فیصد بجٹ مختص کیا جائے گا۔ یوٹیلیٹی بلز اور مرمت و دیکھ بھال کیلئے 35 فیصد فنڈز رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ فرنیچر اور فعال ٹوائلٹس کی کمی پوری کرنے کیلئے 10 فیصد، سکول گراؤنڈز اور کھیلوں کی سرگرمیوں کیلئے 5 فیصد جبکہ دور دراز علاقوں کے سکولوں کیلئے ریموٹنیس فیکٹر کے تحت 3 فیصد بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ ای سی سی ای (ECCE) کلاس رومز کی دیکھ بھال اور ضروریات کیلئے 4.19 فیصد فنڈز رکھے گئے ہیں۔
نئے منصوبے کے تحت ای سی ای روم رکھنے والے سکولوں کو کیئرگیور کے وظیفے کی مد میں ماہانہ 8 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔ سکولوں کیلئے فنڈز آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کے ذریعے جاری ہوں گے، جبکہ پی ایم آئی یو نئے فارمولے کے تحت سکولوں کے نان سیلری بجٹ کا تعین اور نگرانی کرے گا۔