طاہر جمیل: ستھرا پنجاب پروگرام نے محرم الحرام کے دوران صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات کیلئے خصوصی پلان تشکیل دے دیا ہے۔ پلان کے تحت پورے محرم الحرام بالخصوص پہلے عشرے میں مجالس، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر خصوصی صفائی آپریشن جاری رکھا جائے گا۔
حکام کے مطابق ستھرا پنجاب کے ورکرز اور تمام مشینری کو تینوں شفٹوں میں متحرک رکھا جائے گا تاکہ جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کے مقامات پر صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔ جلوسوں کے راستوں پر نصب کنٹینرز کو بروقت خالی کرنے اور کوڑا کرکٹ فوری طور پر ٹھکانے لگانے کی بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
یوم عاشورہ سے قبل 121 امام بارگاہوں کی خصوصی صفائی اور واشنگ مکمل کی جائے گی، جبکہ اس مقصد کیلئے خصوصی ٹیمیں فیلڈ میں کام کا آغاز کر چکی ہیں۔ امام بارگاہوں اور ملحقہ علاقوں کی دھلائی کے عمل کو بھی تیز کر دیا گیا ہے۔
عوامی شکایات کے فوری ازالے اور شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے مختلف مقامات پر سروس ڈلیوری کیمپس بھی قائم کیے جائیں گے۔ صفائی آپریشن کی 24 گھنٹے ڈیجیٹل مانیٹرنگ ستھرا پنجاب اتھارٹی کے مرکزی کنٹرول روم سے کی جائے گی۔
انتظامیہ نے تمام ٹاؤن مینجرز کو فیلڈ عملے کی سو فیصد حاضری اور صفائی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو صاف ستھرا اور بہتر ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔