ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شنگھائی تعاون تنظیم ممالک کے بارڈر سروسز سربراہان کا اجلاس، مشترکہ بارڈر آپریشن "سولیڈیرٹی-2026" کی منظوری

شنگھائی تعاون تنظیم ممالک کے بارڈر سروسز سربراہان کا اجلاس، مشترکہ بارڈر آپریشن
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: پاکستان کی زیرِ صدارت شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او) کے رکن ممالک کے بارڈر سروسز سربراہان کا 12واں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں سرحدی سلامتی اور علاقائی تعاون سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق اجلاس میں پاکستان، چین، روس، بھارت، ایران، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان اور ایس سی او ریجنل اینٹی ٹیررازم اسٹرکچر (RATS) کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران رکن ممالک نے مشترکہ بارڈر آپریشن " سولیڈیرٹی-2025" کے نتائج کی متفقہ منظوری دی، جبکہ " سولیڈیرٹی-2026" کی تیاری اور انعقاد کے منصوبے کی بھی منظوری دے دی گئی۔

ترجمان کے مطابق اجلاس میں بین الاقوامی سرحدوں کی موجودہ صورتحال، ابھرتے ہوئے چیلنجز اور مستقبل کے سیکیورٹی رجحانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں ایس سی او بارڈر سروسز کے ماہرین کے گروپ کے 2027 کے ورک پلان کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ تاجکستان کی جانب سے " سولیڈیرٹی-2027" مشترکہ بارڈر آپریشن کی میزبانی کی تجویز کی حمایت کی گئی۔

رکن ممالک نے آئندہ بارڈر سروسز سربراہان کے اجلاس کے مقام اور وقت سے متعلق تجاویز پر بھی غور کیا۔

شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ سرحدی سلامتی کو درپیش مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی، معلومات کے مؤثر تبادلے اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا ضروری ہے، تاکہ علاقائی سلامتی اور اعتماد کو مضبوط بنایا جا سکے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس خوشگوار، تعمیری اور باہمی تعاون کے ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔