ویب ڈیسک: پاکستان ایئر فورس کا ایک خصوصی دستہ جے ایف-17 تھنڈر اور سی-130 ہرکولیس ٹرانسپورٹ طیاروں پر مشتمل اسکواڈ کے ہمراہ برطانیہ میں ہونے والے رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025 میں شرکت کے لیے برطانیہ پہنچ گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جے ایف-17 تھنڈر بلاک 3 طیاروں نے برطانیہ تک طویل سفر کے دوران فضائی ایندھن بھرنے کی کامیاب مشق کا مظاہرہ کیا، جس میں پاک فضائیہ کے ایئر ٹینکرز کی مدد سے دورانِ پرواز طیاروں کو ایندھن فراہم کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق یہ پیچیدہ آپریشن پاک فضائیہ کی طویل فاصلے تک مؤثر فضائی کارروائی کی صلاحیت اور زمینی و فضائی عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔
رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو میں شرکت پاکستان کے لیے ایک اعزاز قرار دیتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ سی-130 ہرکولیس طیاروں کو اس سال کی تھیم کے مطابق تخلیقی انداز میں پینٹ کیا گیا ہے، تاکہ عالمی توجہ حاصل کی جا سکے۔
جے ایف-17 تھنڈر بلاک 3، جو 4.5 جنریشن کا جدید ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے، جدید ریڈار اور بی وی آر (Beyond Visual Range) میزائل سسٹم سے لیس ہے۔ یہ طیارہ فضائی برتری، زمینی حملوں اور دیگر عسکری مشنز میں مؤثر کردار ادا کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
ترجمان کے مطابق حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں جے ایف-17 کی کارکردگی نے عالمی سطح پر دفاعی حلقوں کی توجہ حاصل کی، اور اب برطانیہ میں ہوابازی کے ماہرین اور شائقین ان طیاروں کو ایکشن میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔
رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو دنیا کا سب سے بڑا ملٹری ایوی ایشن شو ہے، اور اس میں شرکت کے ذریعے پاک فضائیہ نہ صرف عالمی دفاعی برادری کے ساتھ تجربات کا تبادلہ کرے گی بلکہ عالمی امن و سلامتی میں اپنا فعال کردار بھی نمایاں کرے گی۔