ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بانی پی ٹی آئی کی آنکھ سے متعلق پراپیگنڈا کیا گیا، علاج پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: محسن نقوی

بانی پی ٹی آئی کی آنکھ سے متعلق پراپیگنڈا کیا گیا، علاج پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: محسن نقوی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی بیماری سے متعلق سوشل میڈیا پر بے بنیاد پراپیگنڈا کیا گیا اور یہاں تک کہا گیا کہ ان کی آنکھ ضائع ہو گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قیدی کے علاج پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

محسن نقوی کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق علاج کے معاملے پر پی ٹی آئی قیادت سے رابطے میں تھے جبکہ بانی پی ٹی آئی کے کزن قاسم کو بھی آن بورڈ لیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تمام امور طے ہونے کے بعد اسپتال منتقل ہونے سے انکار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو ایک ہفتے کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کو اڈیالہ جیل میں چیک اپ کی نگرانی کے لیے بلایا گیا لیکن ڈیڑھ گھنٹہ انتظار کے باوجود وہ نہیں پہنچے۔ ان کے بقول بیرسٹر گوہر، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرز کو فون پر مکمل بریفنگ دی گئی اور تینوں شخصیات نے علاج پر اطمینان کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ کرنے والے میڈیکل بورڈ میں سرکاری اور نجی ماہر ڈاکٹرز شامل تھے اور آنکھ کی بیماری معمولی نوعیت کی تھی جس کے لیے صرف ایک انجکشن درکار تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ علیمہ خان کے ایما پر اس معاملے پر سیاست کی گئی اور بیماری کو کیش کرانے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں دستیاب سہولتوں اور خوراک کا مکمل ریکارڈ موجود ہے اور اس حوالے سے حقائق سامنے لائے جانے چاہئیں۔ وزیر داخلہ کے مطابق پی ٹی آئی نے غیر ضروری تماشہ کر کے عوام کو گمراہ کیا۔