ویب ڈیسک: ایران اور عراق زیارات پر جانے والے زائرین کے لیے اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کے مطابق بحری راستے سے زائرین کی روانگی کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور فیری سروس چلانے والی کمپنیوں کو لائسنس بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ اس اقدام کے بعد سمندری راستے سے ایران اور عراق کا سفر جلد باقاعدہ طور پر شروع ہو جائے گا، جس سے زائرین کو محفوظ اور منظم متبادل سفری سہولت میسر آئے گی۔
وزارت مذہبی امور کے اعلامیے کے مطابق جنوری 2026 سے ایران اور عراق زیارات پر جانے والے زائرین صرف رجسٹرڈ زیارات گروپ آرگنائزرز کے ذریعے ہی روانہ ہو سکیں گے۔ اس فیصلے کا مقصد زیارتی سفر کو شفاف اور محفوظ بنانا اور غیر رجسٹرڈ سرگرمیوں کی روک تھام ہے۔ اس مرحلے میں 67 نئے زیارات گروپ آرگنائزرز کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں، جس کے بعد ملک بھر میں رجسٹرڈ زیارات کمپنیوں کی تعداد 91 ہو گئی ہے۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ تمام منظور شدہ زیارات کمپنیوں کی فہرست سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہے تاکہ زائرین مستند آرگنائزرز کا آسانی سے انتخاب کر سکیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حکومت زائرین کو محفوظ، قابلِ اعتماد اور منظم سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے اور بحری راستے کا آغاز اسی سلسلے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔