ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شدید دھند سے حد نگاہ کم، موٹروے کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا

شدید دھند سے حد نگاہ کم، موٹروے کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

فاران یامین: صوبے کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹرویز اور قومی شاہراہ پر ٹریفک بری طرح متاثر ہو گئی ہے۔

  موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ٹو لاہور سے ہرن مینار تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے، جبکہ موٹروے ایم تھری فیض پور سے رجانہ تک ٹریفک کے لیے بند ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک اور موٹروے ایم فائیو ملتان سے روہڑی تک دھند کے باعث بند کر دی گئی ہیں۔

قومی شاہراہ پر بھی صورتحال تشویشناک ہے، جہاں مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، کسوال، اقبال نگر، چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، بستی ملوک، لودھراں، بہاولپور، احمد پور شرقیہ، رحیم یار خان اور صادق آباد میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے۔ کئی مقامات پر حد نگاہ صفر سے 100 میٹر تک رہ گئی ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔

موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند میں لین کی خلاف ورزی سے گریز کریں کیونکہ یہ خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ ڈرائیور حضرات لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں، فوگ لائٹس کا استعمال لازمی کریں، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔

 ترجمان کے مطابق دھند میں محفوظ سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں، جبکہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ مزید رہنمائی اور مدد کے لیے شہری موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔