طاہر جمیل:مشیر وزیراعلیٰ پنجاب شعیب مرزا، ڈپٹی کمشنر لاہور اور ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی کی زیر صدارت اجلاس میں ضلع لاہور میں ستھرا پنجاب مہم کے تحت جاری صفائی آپریشن اور اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز عبداللہ خان، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، سی ای او لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) اور ڈپٹی سی ای اوز نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران شہر بھر میں صفائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنے متعلقہ علاقوں میں جاری صفائی آپریشن کی صورتحال پر بریفنگ دی، جبکہ ایل ڈبلیو ایم سی حکام نے ستھرا پنجاب مہم کے تحت جاری سرگرمیوں سے متعلق اجلاس کو آگاہ کیا۔
اجلاس میں ضلع بھر میں صفائی مہم کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ حکام کو ہدایت کی گئی کہ ستھرا پنجاب مہم کے دوران شہر کے تمام ہاٹ سپاٹس سے کوڑا بروقت منتقل کیا جائے۔
زیرو ویسٹ مہم میں درپیش رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے آپریشنل طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا گیا۔ تمام تحصیلوں میں کوڑے کے ہاٹ سپاٹس کو ہر صورت زیرو ویسٹ بنانے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں دکانداروں اور تاجروں کو صفائی کے ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی بھی ہدایت کی گئی۔
ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید نے کہا کہ صفائی کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ستھرا پنجاب اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔
کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ صفائی مہم کی کامیابی کے لیے تمام محکموں کا ٹیم ورک ناگزیر ہے۔
مشیر وزیراعلیٰ پنجاب شعیب مرزا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب وژن کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ستھرا پنجاب مہم کے مثبت ثمرات اب شہریوں تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں کو صفائی آپریشن مزید مؤثر بنانے اور شہری علاقوں میں صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے مربوط اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی۔