اقصیٰ شاہد: تکنیکی اور آپریشنل وجوہات کے باعث آج لاہور ایئرپورٹ اور کراچی ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والی متعدد پروازیں منسوخ جبکہ چندپرواز تاخیر کا شکار ہوئی ہے۔ متاثرہ پروازوں میں اندرون و بیرون ملک جانے والی فلائٹس شامل ہیں۔
کراچی سے ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا جانے والی ایئرپلین کی پرواز ای ٹی 695 کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح کراچی سے اسلام آباد جانے والی ایئر سیال کی پرواز پی ایف 123 اور ایئربلو کی پرواز پی اے 200 بھی آپریشنل وجوہات کی بنا پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔
کراچی سے لاہور روانہ ہونے والی ایئر سیال کی پرواز پی ایف 143 بھی منسوخ کر دی گئی ہے، جبکہ ایئربلو کی لاہور جانے والی پرواز پی اے 406 ایک گھنٹے کی تاخیر کے بعد اب شام سات بجے روانہ ہوگی۔
دوسری جانب لاہور آنے اور جانے والی تین پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ نو سے زائد پروازیں کئی گھنٹوں کی تاخیر کا شکار ہو چکی ہیں۔منسوخ ہونے والی پروازوں میں ائیر بلیو کی لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی اے 401، گوانگ زو سے لاہور آنے والی پرواز سی زیڈ 6037، اور گوانگ زو جانے والی چائینہ سدرن کی پرواز سی زیڈ 6038 شامل ہیں۔
تاخیر کا شکار پروازوں میں شارجہ جانے والی ائیر بلیو کی پرواز پی اے 412 شامل ہے، جو بارہ گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے۔ پی آئی اے کی جدہ جانے والی پرواز پی کے 745 دو گھنٹے پینتالیس منٹ کی تاخیر سے روانہ ہوئی۔سعودی ایئر کی لاہور سے جدہ جانے والی دو پروازیں، ایس وی 735 اور ایس وی 739، بالترتیب ایک گھنٹہ بیس منٹ اور ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوئیں۔ فلائی جناح کی دمام جانے والی پرواز نائن پی 570 بھی ایک گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی۔
دبئی سے لاہور آنے والی ائیر بلیو کی پرواز پی اے 417 آٹھ گھنٹے جبکہ شارجہ سے آنے والی پرواز پی اے 413 گیارہ گھنٹے بیس منٹ تاخیر سے پہنچی۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق متاثرہ مسافروں کو متبادل پروازوں اور ری فنڈ سے متعلق آگاہی دی جا رہی ہے تاہم مسافروں سے گزارش ہے کہ ایئرپورٹ روانگی سے قبل متعلقہ ایئرلائنز سے اپنی پرواز کی تازہ ترین صورتحال ضرور چیک کریں۔