سٹی42: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر لاہور میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی سلنڈرز اور اوور لوڈنگ کے خلاف بڑا ایکشن لیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں شہر بھر میں گرینڈ آپریشن جاری ہے.سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی زیر نگرانی کریک ڈاؤن بھرپور انداز میں جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید دو گاڑیاں بند کر دی گئیں جبکہ مالکان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک کریک ڈاؤن کے دوران 1500 سے زائد گاڑیوں کو بند کیا جا چکا ہے۔ آپریشن کے دوران 60 سے زائد اسکول بچوں کو غیر محفوظ گاڑیوں سے نکال کر ان کے گھروں تک پہنچایا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ والدین کو غیر محفوظ ٹرانسپورٹ کے خطرات سے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے ہدایت کی ہے کہ اسکول وینز کی چیکنگ کو اولین ترجیح دی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی زندگیوں کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ میں محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ غیر قانونی گیس سلنڈرز کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تفریق جاری رہے گا۔