اپوزیشن کا غیر فطری اتحاد، ماضی کی طرح جلد پارہ پارہ

اپوزیشن کا غیر فطری اتحاد، ماضی کی طرح جلد پارہ پارہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 11607 ٹیسٹ کئے گئے، کورونا کے11 مریض جاں بحق ہوئے اور 223 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی، 101237 کورونا مریضوں میں سے 96989 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کے خدشے کے پیش نظر عوام کو مزید احتیاط کرنا ہوگی، مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے لہٰذا احتیاط انتہائی ضروری ہے، کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد جاری رکھا جائے اور غیر ضروری طور پر مارکیٹ یا دیگر ہجوم والے مقامات پر جانے سے گریز کیا جائے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہ اپوزیشن جماعتوں کا ایجنڈا ملک کی ترقی کو روکنا اور اپنی کرپشن کو تحفظ دینا ہے، اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد غیر فطری ہے اور وہ دن دور نہیں جب یہ اتحاد بھی ماضی کی طرح پارہ پارہ ہو جائے گا، اپوزیشن جماعتوں کو عوام کے حقیقی مسائل کا ادراک ہے نہ کوئی سمجھ اور یہ عناصر محض ذاتی مفادات کی خاطر عارضی طور پر ایک نظر آتے ہیں۔

 وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپوزیشن کے دوغلے چہروں کو پہچان چکے ہیں، یہ اپنے منفی بیانیے سے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے، اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پائیدار ترقی کے سفر سے خائف ہیں اور یہ عناصر موجودہ حکومت کی 2 سالہ محنت کو برباد کرنے پر تلے ہوئے ہیں، اپوزیشن جماعتیں جتنا مرضی واویلا کر لیں حکومت مدت پوری کرے گی۔ اپوزیشن جماعتوں کے ہاتھ نہ پہلے کچھ آیا نہ آئندہ کچھ آئے گا۔

 وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس تاشفین صفدر چودھری سے ملاقات میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا تعمیراتی شعبے سے متعلقہ این او سی کے حصول کیلئے جدید ون ونڈو سسٹم کی کامیابی کے بعد آن لائن پلیٹ فارم کا بھی اجراء کیا گیا ہے، صوبے میں کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ای گورننس پر مبنی محکمانہ اصلاحات متعارف کرائی ہیں،اب رہائشی یا کمرشل منصوبوں کے نقشوں کی منظوری، تکمیل تعمیر سرٹیفکیٹ، زمین کے استعمال میں تبدیلی کا این او سی یا نجی سوسائٹیوں کیلئے اجازت نامے، سب ایک چھت تلے ای خدمت مراکز سے فراہم کئے جارہے ہیں۔ ون ونڈو نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ کم آمدن والے لوگوں کے لئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتے ہیں،راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ میں یہ منصوبہ انقلاب برپا کرے گا، لاہور میں ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کے لئے اس پراجیکٹ کی بہت اہمیت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں، ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کی محفوظ سرمایہ کاری کے مواقع میسر ہوں گے اور روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے، 90فیصد مقامی اشیا کے استعمال سے پاکستانی انڈسٹری کو فروغ ملے گا،یہ پراجیکٹ مستقبل میں کئی دہائیوں تک مثال بنے گا۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت سے  ملاقات میں وزیراعلیٰ تے صوبے میں امن عامہ کی صورتحال اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا قانون کی پاسداری کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔ کسی صورت قانون شکنی برداشت نہیں کی جائے گی۔ خلاف قانون سرگرمیوں پر قانون حرکت میں آئے گا۔ جمہوری روایات کی پاسداری میں اجتماع کی اجازت دی۔ اپوزیشن کو قانون کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے اجتماع کا حق ہے تاہم انسداد کورونا کیلئے ایس او پیز پر عمل کرنا ضروری ہے۔ 

Sughra Afzal

Content Writer