سٹی 42 : اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوئم اور سپریم کمانڈر آف جارڈن آرمڈ فورسز نے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈفینس سولوشنز (GIDS) کا دورہ کیا، شاہ عبداللہ دوم کے ہمراہ شہزادی سلمیٰ اور اعلیٰ سول و عسکری وفد بھی موجود تھا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شاہی مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر اردن کے بادشاہ کو دفاعی پیداوار، ٹیکنالوجی اور GIDS کی صلاحیتوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، ساتھ ہی پاکستان کی انڈیجینس ڈیفنس ٹیکنالوجی اور باہمی تعاون کے نئے امکانات پر بھی بریفنگ دی گئی ۔

بعد ازاں شاہ عبداللہ دوم نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کا بھی دورہ کیا ۔ وزیراعظم شہباز شریف بھی فائرنگ رینج دورے میں ساتھ تھے۔

شاہ عبداللہ دوم اور مہمانوں نے مشترکہ فائر پاور اور مینوور ایکسرسائز کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر کثیر الجہتی آپریشنز، کنونشنل و ایئر فائرپاور اور اسپیکٹرم وارفیئر کا مظاہرہ پیش کیا گیا، ساتھ ہی ملٹی پرپز ڈرونز کے جدید کردار اور استعمال کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا ۔

شاہ عبداللہ دوم نے تربیت، پروفیشنلزم اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا۔ وزیراعظم کی جانب سے شاہ عبداللہ دوم اور اردن کے عوام سے پاکستان کے گہرے احترام اور محبت کا اظہار کیا گیا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ دورہ دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی، اعتماد اور امن کی مشترکہ سوچ کا مظہر ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اردن دفاعی شراکت داری کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا ۔

آرمی چیف کو شاہ عبداللہ دوم کی جانب سے Order of the Military Merit (First Degree) کا اعزاز دیا گیا۔
سورس : آئی ایس پی آر