ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت دونوں پر زور دیا ہے کہ جنگ کے بجائے تجارت کو فروغ دیں اور ان کے مطابق دونوں ممالک اس تجویز پر خوش ہیں۔
دوحا میں تعینات امریکی فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تنازع حل ہو چکا ہے, ان کا کہنا تھا کہ ان کی ترجیح دنیا بھر میں تنازعات کا خاتمہ ہے نہ کہ ان کا آغاز۔
امریکی صدر نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے اس بیان کو نظر انداز کر دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بھارت پاکستان سے مذاکرات نہیں کرے گا۔ ٹرمپ نے واضح کیا کہ وہ اب بھی دونوں ملکوں کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے تیار ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے 10 مئی کو امریکی صدر کی ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم کیا تھا تاہم بھارت نے اس کی سخت مخالفت کی تھی۔ بھارتی حلقے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کو مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے 13 مئی کو قوم سے خطاب میں ایک بار پھر واضح کیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کریں گے تاہم اس کے باوجود صدر ٹرمپ نے ان کے بیان کو نظر انداز کرتے ہوئے ثالثی کی پیشکش برقرار رکھی ہے۔