فاران یامین: بھارت کے خلاف پاکستان کی بڑی فتح، جنگ کے میدان میں بھارتی سورماؤں کو دھول چٹا دی، بڑی کامیابی پر ملک بھر میں یوم تشکر کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
لاہور کے بی ایکس اسٹیڈیم میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے توپوں کی سلامی دی، تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، تقریب میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے کی جانب سے نعرہ تکبیر فضا میں بلند کیا گیا، پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔
صدر، وزیراعظم کے پیغامات
یوم ِ تشکر پر صدر پاکستان اور وزیراعظم کے پیغامات، صدر مملکت آصف علی زرداری نے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا، کہا کہ قوم دشمن کی جارحیت کیخلاف بنیان مرصوص کی طرح کھڑی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا ہے کہ اپنی اور قوم کی طرف سے جنرل سید عاصم منیر کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں ۔جن کی دانشمندانہ اور دلیرانہ قیادت میں یہ عظیم معرکہ سر ہوا۔فضائیہ اور بحری فوج کے سربراہان سے بھی اظہار تشکر کیا۔
تمام اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں سمیت ملک بھر کی سیاسی قیادت اور پارلیمان کا بھی دلی طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے بے مثال اتحاد اور تاریخی یگانگت کا مظاہرہ کیا۔
آئی جی پنجاب
پنجاب پولیس نے بھارتی جارحیت کے خلاف افواج پاکستان کی شاندار کامیابی کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کو خراج عقیدت، غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،دشمن کی عددی برتری کو عسکری مہارت سے خاک میں ملانے والے پاک فضائیہ کے شاہینوں کو پنجاب پولیس کا سلام۔
آئی جی پنجاب نے کہا پنجاب پولیس یوم تشکر پر ملکی اندرونی سرحدوں، شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کا عزم دہراتی ہے،پنجاب پولیس ملکی بقا اور سالمیت کے لئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے، پوری قوم کے ہمراہ افواج پاکستان کی اس تاریخی فتح پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔
پوری قوم نے بزدل دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کے لئے سیسہ پلائی دیوار کی طرح ملکی سلامتی میں حصہ ڈالا،پاکستان پُرامن ملک، اپنی سرحدوں، خودمختاری اور وقار کا تحفظ کرنا بھی جانتا ہے۔
سی سی پی او لاہور
علاوہ ازیں آج کے دن کی مناسبت سے لاہور پولیس کی جانب سے یوم ِ تشکر کے حوالے سے سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا، پاکستان کی بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر پوری قوم آج یوم ِ تشکر منا رہی ہے، مساجد میں قرآن خوانی، دعائیہ تقریبات اور اظہار تشکر کے طور پر ریلیاں نکالی جائیں گی۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا تھا کہ یوم ِ تشکر کی تقریبات،ریلیوں اور جمعہ کے اجتماعات کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، یوم ِ تشکر کی تقریبات کے دوران اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں کو بھی بہترین سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، یوم ِ تشکر کی تقریبات اورنماز ِ جمعہ کے اجتماعات کے دوران شہر میں سکیورٹی الرٹ رہے گی۔